یہ گروہ مختلف شہروں سے کھالیں حاصل کرکے کراچی لاتا ہے اور یہاں سے کھالیں چین برآمد کردی جاتی ہیں
کراچی: پولیس نے کورنگی کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران گدھے اور کتے کی 800 سے زائدکھالیں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گدھے اور کتے کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کرتا ہے۔
شہر قائد کے علاقے کورنگی سیکٹر سیون اے میں واقع ایک گودام پر چھاپے کے دوران پولیس نے گدھے اور کتے کی کھالوں سے بھرے 200 بورے برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں ایک افغان باشندہ عبدالرحیم بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق افغان شہری نے پاکستانی شہری کی مدد سے یہ گودام لے رکھا تھا، ان کا گروہ بین الصوبائی ہے جو کے پی کے اور پنجاب کے مختلف شہروں سے کھالیں حاصل کرکے کراچی لاتا ہے اور یہاں سے کھالیں چین برآمد کردی جاتی ہیں۔
اس حوالے سے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) کورنگی ذوالفقار مہر کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے خفیہ اطلاع پر صنعتی علاقے میں موجود گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 800 سے زائد کتوں اور گدھوں کی کھالیں برآمد ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ملک گیر گینگ ہے جو پاکستان کے مختلف شہروں سے کھالیں اکٹھی کرکے یہاں لاتا ہے تاہم یہ گینگ مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ کراچی کے پوش علاقوں میں واقع ہوٹلوں پر بھی گوشت سپلائی کرتا ہے ان 200 بوروں میں 800 سے زائدکھالیں موجود ہیں۔
افغان باشندے عبدالرحیم نے پولیس کو بتایا کہ یہ کھالیں کے پی کے اور پنجا ب کے مختلف شہروں سے لائی گئی ہیں یہ جانور وہاں ذبح کرکے ان کا گوشت ان ہی شہروں میں فروخت کردیا گیا تھا بعدازاں کھالیں چین بھیجنے کے لیے کراچی لائی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سال 2017 کے آغاز میں قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ سال 2011 سے 2015 کے دوران ملک بھر سے 1 لاکھ 41 ہزار 75 گدھے کی کھالیں چین، ویت نام اور ہانگ کانگ برآمد کی گئیں۔